21 جون 2013 - 19:30
سانحہ پشاور سعودی فنڈڈ نواز شریف حکومت کا تحفہ ہے، علامہ امین شہیدی

قائمقام سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا سانحہ پشاور کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے سیکورٹی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں نے ان دہشتگردوں کی تربیت کی جو آج بے گناہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائمقام سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور سعودی فنڈڈ نواز شریف حکومت کا تحفہ ہے۔ ہمارے سیکورٹی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں نے ان دہشتگردوں کی تربیت کی جو آج بے گناہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ لیڈی ریڈنگ پشاور میں سانحہ جامعہ عارف حسین الحسینی میں زخمی ہونے والے نمازیوں کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور ہمارے نئے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ طالبان کیساتھ مذاکرات کی باتیں کرنے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہیں، پوری قوم کی دہشتگردوں کو یکجان ہونا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جن درندوں نے ملک میں دہشتگردی کا بازار گرم کر رکھا ہے انہیں ہماری سیکورٹی ایجنسیوں میں موجود کالی بھیڑوں نے پالا اور اب وہ پورے ملک کیلئے ناسور بن چکے ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے مزید کہا کہ آج پشاور سے کراچی تک ملک کا کوئی حصہ سکون میں نہیں۔ جس طرح پیپلز پارٹی نے دہشتگردوں کو سپورٹ کیا تو انہی دہشتگردوں نے پیپلز پارٹی کو نشانہ بنایا اگر یہی غلطی ن لیگ اور تحریک انصاف نے دکھائی تو انہیں بھی اسی قسم کے حالات کا سامنا کرنا پڑا سکتا ہے۔ قبل ازیں علامہ امین شہیدی نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج زخمی نمازیوں کی عیادت کی اور جامعہ شہید عارف حسین الحسینی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کے صاحبزادے سید علی الحسینی سے ان کے بیٹے سید مہدی الحسینی کی شہادت پر تعزیت کی۔ اس کے علاوہ دیگر شہداء کے لواحقین سے بھی تعزیت کی۔......./169